مبشر واصل کی درد اور محبت بھری اردو شاعری

admin

مبشر واصل کی درد اور محبت بھری اردو شاعری


 مبشر واصل کی درد اور محبت بھری اردو شاعری


غزل نمبر 1


کرنا نہیں تھا جو وہی کرنا پڑا مجھے

اپنی مخالفت پہ اترنا پڑا مجھے


رکھا تھا جس کے واسطے خود کو سمیٹ کر

نظروں سےاس کی گر کے بکھرنا پڑا مجھے


ہر بات میری ٹوکنے پر آ گئے تھے سب

پھر ایک روز حد سے گزرنا پڑا مجھے


مجھ کو بھی زندگی کی تمنا تو تھی مگر

آنکھوں میں اس کی دیکھ کے مرنا پڑا مجھے


جیسے ہی میرے قد کے برابر میں آ گیا

واصل پھر اپنے سائے سے ڈرنا پڑا مجھے


مبشر واصل 


غزل نمبر 2


میں نہیں چاہتا کہ ہل چل ہو

بس کسی طور مسئلہ حل ہو


ایسے لوگوں کے منہ نہیں لگتا

جن کی پیشانی پر کہیں بل ہو


آج، صدیوں کے جیسی لمبی ہے

میں یہی چاہتا ہوں بس کل ہو


ساتھ درکار جو نہیں تیرا

زندگی کیسے اب مکمل ہو


اے مصور بنا کوئی تصویر

جس میں چلتا ہوا کوئی پل ہو


میری خواہش ہے ہم سفر پر جائیں

اور ایسا سفر جو پیدل ہو


مبشر واصل


غزل نمبر 3


آنکھ بھاری ہے خان زادی

بے قراری ہے خان زادی


میری آنکھوں میں آنکھ ڈالو

بات جاری ہے خان زادی


تجھ کو کھونے کا اک عجب سا

خوف طاری ہے خان زادی


پھول جھڑتے ہیں گر وہ بولے

کتنی پیاری ہے خان زادی


خان زادے بھی آئے ہوں گے

مجھ پہ ہاری ہے خان زادی


مبشر واصل